اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ سرینگر؛ کربلا کے کار زار حق و باطل میں فقید المثال جذبہ فدا کاری کا مظاہرہ کرنے والے نوجوان فرزند سید الشہدا حضرت علی اکبرؑ کے یوم ولادت کی مناسبت سے انجمن شرعی شیعیان کے اہتمام سے امام باڑہ نوگام بالا میں یوم جوانان کا انعقاد کیا گیا جسمیں متصل علاقہ جات کے ہزاروں جوانوں نے شرکت کی۔ نوجوانوں کے دینی اور اخلاقی مسائل کے عنوان سے جن علماے دین نے تقریب سے خطاب کیا ان میں حجة الاسلام آغا سید عقیل الموسوی، حجةالاسلام آغا سید یوسف الموسوی، حجةالاسلام سید محمد حسین، حجةالاسلام مولوی حاتم ولی میر ،حجةالاسلام سید محمدحسین صفوی شامل ہیں۔
مقررین نے شبیہ پیغمبر حضرت علی اکبرؑ کو نوجوانان ملت کے لئے نمونہ عمل قرار دیتے ہوئے دین و ملت اور خدمت انسانیت کے امورات اور مقاصد کے حصول کے لئے نوجوان طبقے کی عملی شرکت کی اہمیت اور افادیت بیان کی انجمن شرعی شیعیان کے سربراہ اور سینئر حریت رہنما حجةالاسلام والمسلمین آغا سید حسن الموسوی الصفوی نے حضرت علی اکبرؑ کے سیرت و کردار پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ نوجوان طبقہ کسی بھی مظلوم قوم کا غیر مسلح فوجی بازو کی حثیت رکھتا ہے قوم کی مستقبل سازی کا مشن نوجوان نسل کی عملی شرکت کے بغیر پایہ تکمیل تک نہیں پہنچ سکتا۔
آغا صاحب نے کہا کہ دنیا کا ہر انقلاب نوجوان طبقے کے جذبہ ایثار اور عملی قربانیوں کا مرہون منت ہے کشمیر کے غیور نوجوانوں کے جذبہ حق و حریت کو خراج تحسین نذر کرتے ہوئے انھوںنے کہا کہ تنازعہ کشمیر کے منصفانہ حل اور بھارتی ظلم و تسلط سے نجات کے لئے کشمیری نوجوانوں نے قربانیوں کی جو تاریخ رقم کی ہے وہ مزاحمت کی تاریخ میں ایک اور روشن باب کا اصافہ ہے آغا صاحب نے رواں جدوجہد میں اپنی عزیز جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے دسیوں ہزار کشمیری جوانوں کو گلہاے عقیدت پیش کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ شہدا کی قربانیوں کی لاج رکھنے کے لئے کشمیری قوم مزاحمت کے تمام مراحل طے کرنے پر شعوری طور پر آمادہ ہو چکے ہیں جسکا مظاہرہ آئے روز کیا جا رہا ہے اس موقعہ پر آغا صاحب نے ہندوانتہا پسند تنظیموں کی تشکیل کردہ نام نہاد جن سینا کی طرف سے کشمیر آکر کاروائیوں کی دھمکی کو گیدڑ بھبکی قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس گروہ کو کشمیر میں آکر اس حقیقت کا بھر پور اندازہ ہوگا کہ گجرات اور کشمیر میں آسمان و زمین کا فرق ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲